جمعہ 10 جنوری 2025 - 18:14
گلگت، شہید ضیاء الدین رضوی کی برسی کا اجتماع، یکساں اور قابل قبول نصاب تعلیم کا مطالبہ

حوزہ/ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالم اسلام کی مدافعتی تنظیم، حزب اللہ لبنان کے سربراہان سید حسن نصراللہ اور سید هاشم صفی الدین اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہان اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار کی شہادت کو فلسطین و لبنان کے ہزارہا بے گناہ شہداء کی شہادت کو اسلام محمدی کی راہ میں عظیم قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران، حزب اللہ لبنان، حماس اور انصار اللہ کے مدافعانہ اقدامات کو حق اور جائز قرار دیتے ہوئے بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن حیدریہ نگرل گلگت اور خانوادہ شہید حسین اکبر کے زیراہتمام شہید راہ حق، فرزند قرآن و اسلام شہید سید ضیاء الدین رضوی اور ان کے باوفا جانثاران شہید حسین اکبر، شہید تنویر علی اور شہید عباس علی کی 20 ویں برسی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان احتجاجی و تعزیتی اجتماع امام بارگاہ کلاں نگرل گلگت میں منعقد ہوا، جس میں علماء، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ برسی کے اجتماع میں شہید سید ضیاء الدین رضوی کی انسانی، ملکی، قومی، ملی اور دینی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار و نظریات کی پاسداری کرتے ہوئے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تعزیتی اجتماع کے آخر میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ یکساں نصاب تعلیم کے نام پر مرتب کیے جانے والے نصاب کو بھی متنازعہ قرار دیتے ہوئے 2009ء کے معاہدہ کے تحت تمام مکاتب فکر کے لیے قابل قبول نصاب تعلیم مرتب کرنے اور مسلکی اور علاقائی تعصبات سے پاک نصاب تعلیم مرتب کرنے کے لیے گلگت بلتستان سطح پر ٹیکسٹ بک بورڈ اور کریکولم ونگ کے قیام کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ 20 سال گزرنے کے باوجود شہید ضیاء الدین رضوی، ان کے ساتھی شہداء کے بہیمانہ قتل میں ملوث نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری سوچی سمجھی سازش ہے، گرفتار ملزمان کے فرار کو حکومت کی ناکامی اور عدالتی کارروائی کو ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمان اور دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے عدالتی کمیشن کے ذریعے دوبارہ ٹرائل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو 77 سال سے بے آئین رکھ کر جبر اور طاقت کے ذریعے کی جانے والی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، گلگت بلتستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، اس لیے فی الفور اس علاقہ کی آئینی حیثیت واضح کرکے ملک کا پانچواں صوبہ ڈیکلیر کیا جائے۔ گلگت شہر میں پانی و بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ حکومت کی بے حسی اور نااہلی ہے، بجلی و پانی کی سپلائی کو بہتر اور محلہ نگرل کے شدید ترین موسمی حالات کے پیش نظر نگرل کو بجلی و پانی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں ثقافت کے فروغ کے نام پر حکومتی اور غیر حکومتی اداروں کی سرپرستی میں بڑھتی ہوئی فحاشی و عریانیت نوجوان نسل کو اسلامی اقدار سے دور کرنے، ان کی غیرت و حمیت کو ختم کرکے مغربی کلچر کو فروغ دینے کی سازش ہے، ایسے تمام اقدامات پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے اندر افیون، چرس، شراب، ہیروئن اور آئس جیسی منشیات کے کھلے عام دستیابی اور حکومت کی پراسرار خاموشی کو اس خطے کی نوجوان نسل کو نشانہ بنانے کی سازش ہے، لہذا منشیات سمگلرز کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ گلگت بلتستان کے وسائل اور زمینوں کی بندر بانٹ اور لیز کے نام پر غیر مقامی افراد اور فرمز کو سہولت کاری فراہم کرنے کو علاقہ کے سادہ لوح عوام کے خلاف گہری سازش قرار دیتے ہیں اور غیر مقامی افراد کو جاری کیے جانے والے لیز لائسنس کو منسوخ کرکے ان پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والا لینڈ ریفارمز ایکٹ غیر تسلی بخش ہے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، عوام کے لیے قابل قبول لینڈ ریفام ایکٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے، مذہبی اقدار اور علاقائی روایات کے پیش نظر مخلوط نظام تعلیم معاشرتی اقدار کے لیے زہر قاتل ہے، لہٰذا خواتین کے لیے الگ یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں، ملک عزیز میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار اور سانحہ پاراچنار کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور شاہراہ پاراچنار کے سفر کو محفوظ بنانے کا مطالبہ بھی کرتے ہیں نیز شہر کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنے پر ریاستی و دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالم اسلام کی مدافعتی تنظیم حزب اللہ لبنان کے سربراہان سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہان اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار کی شہادت کو فلسطین و لبنان کے ہزارہا بے گناہ شہداء کی شہادت کو اسلام محمدی کی راہ میں عظیم قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران، حزب اللہ لبنان، حماس اور انصاراللہ کے مدافعانہ اقدامات کو حق اور جائز قرار دیتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں نیز نام نہاد اسلامی ممالک کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شیطان بزرگ امریکہ کی پشت پناہی میں ارض فلسطین، ارض لبنان، شام پر کی جانے والی اسرائیلی دہشت گردی کو نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے شدید مذمت کرتے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کی تنظیموں کی ناکامی سے تعبیر کرتے ہوئے فلسطینی اور لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور مسلم اقوام سے متحد ہو کر اسرائیلی وجود کو نیست و نابود کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ شہید ضیاء الدین رضوی اور ان کے رفقاء کی برسی کے تعزیتی اجتماع سے امام جمعہ والجماعت گلگت آغا سید راحت حسین الحسینی، امام جمعہ و الجماعت دنیور شیخ میرزا علی، شیخ کرامت حسین، صدر انجمن حیدریہ نگرل شاہد حسین و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید سید ضیاء الدین رضوی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha